ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی برسی کی مناسبت سے سرزمین اسلام آباد پر دفاع وطن کنونشن کے نام سے منعقد ہونیوالا ملت تشیع کا تاریخ ساز اجتماع، وحدت ملت کا آئینہ دار ثابت ہوگا، جس میں صرف ملت تشیع ہی نہیں ملک کی تمام وطن دوست مذہبی و سیاسی جماعتوں کی بھی بھرپور نمائندگی ہوگی۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے، سرحدوں پر منڈلانے والے خطرات، حکمرانوں اور اپوزیشن کی جانب سے ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوششیں، غربت، مہنگائی، لاقانونیت اور ملک کے گوش و کنار میں ہونیوالا بے گناہ انسانوں کا قتل عام ملکی سالمیت و استحکام کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے، اس صورتحال میں پاکستانی عوام کو بیدار کرنے اور ان میں نیا عزم اور حوصلہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین حسینی سرزمین پاکستان پر اللہ تعالٰی کی ایک نعمت تھے، انہوں نے قوم کو بیدار کیا، اگر انہیں ہم سے جدا نہ کیا جاتا تو آج ملکی صورتحال مختلف ہوتی، انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان شہید حسینی کے افکار و نظریات کی امین اور ان کے مقدس خون کی وارث ہے، شہید کی برسی کے موقع پر ان کے عظیم افکار و نظریات کی روشنی میں دفاع وطن کی نئی راہوں کا تعین کرے گی، انہوں نے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے اکابرین سمیت تمام محب وطن قوتوں سے اپیل کی کہ وہ ملکی سالمیت و استحکام کے اس سفر میں ہمارے ساتھ شامل ہو کر ملک و قوم کے دفاع کو مضبوط بنائیں اور عوام کو بحرانوں کی دلدل سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
.......
/169